کراچی( ثاقب صغیر )سی ٹی ڈی سندھ نے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی ریڈ بک کا 10واں ایڈیشن جاری کر دیا۔ریڈ بک میں مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے مطلوب دہشتگردوں کی تازہ ترین تفصیلات شامل ہیں۔حکام کے مطابق ریڈ بک میں داعش، القاعدہ، ٹی ٹی پی اور بلوچ کالعدم تنظیموں سے وابستہ مطلوب افراد کا ریکارڈ اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ریڈ بک میں مجموعی طور پر 179دہشتگردوں کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔ریڈ بک کی فہرست کے مطابق سنی دہشت گردوں کی فہرست میں 96 دہشت گردوں کی تفصیلات شامل ہیں جن میں داعش کے 10، القاعدہ داعش (aqis) کے 2، القاعدہ برصغیر کے 16، ٹی ٹی پی کے 46، ٹی ٹی پی سوات کے 6، انصار الشریعہ کے 4، لشکر جھنگوی/سپاہ صحابہ کے 11 اور جنداللہ کا 1 دہشت گرد شامل ہے۔ریڈ بک کے مطابق شیعہ دہشت گردوں کی فہرست میں 32 دہشت گردوں کی تفصیلات شامل ہیں جن میں زینبیون بریگیڈ سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد بھی شامل ہیں۔فہرست میں ایس آر اے کے 23 ،ایس ایل اے /جے ایس ایم ایم کے 4،جے ایس قیو اے ایم کے 2، بی ایل اے کے 11، بی ایل ایف کے 9 ، اور ہوسٹائل انٹیلی جنس ایجنسیز کے 2 دہشت گردوں کی تفصیلات شامل ہیں۔ریڈ بک میں مطلوب ملزمان کی تصاویر، کوائف اور نیٹ ورکس سے متعلق معلومات درج ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کے لئے ریڈ بک کو اہم دستاویز قرار دیا گیا ہے۔ریڈ بک میں دہشت گردوں کی شناخت، گرفتاری اور سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے جدید معلومات شامل کی گئی ہیں جبکہ مختلف اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کو مؤثر بنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔حکام کے مطابق ریڈ بک کا مقصد مطلوب دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنا ہے۔