سانگھڑ / کراچی ( محمد مبین بھٹی / افضل ندیم ڈوگر) سانگھڑ پولیس لائن سے گرفتار ملزمان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج،ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل نے نئی اور تیسری ایف آئی آر سکھر میں درج کی،ایف آئی اے کی کارروائی میں گرفتار ایس ایس پی سانگھڑ آفس کےجونئیر کلرک مرکزی ملزم غلام سرور جعفری اور دیگر کیخلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بھی اینٹی منی لانڈرنگ سرکل سکھر میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ان ملزمان کے خلاف درج مقدمات کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔ نیا مقدمہ اے ایم ایل ایکٹ کے تحت مقدمہ ملزمان سے برآمد ملکی و غیرملکی کرنسی پر درج کیا گیا ٍ برآمد کرنسی کو مختلف جرائم سے حاصل کردہ پراپرٹی کے طور پر مقدمے میں شامل کیا گیا ہے۔ جرائم سے حاصل کردہ رقم کے ذریعے جائیدادوں کی ممکنہ خریداری کی تحقیقات بھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق اے ایم ایل مقدمہ ایف آئی اے شہید بینظیرآباد کی ایف آئی آر کے تسلسل میں درج کیا گیا۔ ملزمان کے خلاف پہلا مقدمہ حوالہ ہنڈی، فارن ایکسچینج، بھارتی اسمگل گٹکا کی خریدوفروخت کے الزام میں درج کیا گیا۔ پہلے مقدمے میں غلام سرور جعفری، پولیس اہلکار ممتاز علی، رانا غلام محی الدین بابر، جمیل احمد، شوقین، عمران علی شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے ملکی و غیرملکی کرنسی، بھاری مقدار میں گٹکا، بیش قیمت گاڑیاں، متعدد موبائل فونزبرآمد کئے گئے تھے۔مقدمے کے متن کے مطابق ملزم کے قبضے سے 95 لاکھ پاکستانی روپے اور 7409 امریکی ڈالر برآمد ہوئے، جبکہ اس رقم سے متعلق کوئی قانونی اجازت نامہ، لائسنس یا بینکنگ ریکارڈ پیش نہیں کیا جا سکا۔