کوئٹہ(صباح نیوز)بلوچستان میں گزشتہ تین روز سے معطل ریلوے آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت جعفر ایکسپریس آج (ہفتہ) کو اپنے مقررہ وقت پر کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہوگی۔ ریلوے حکام کے مطابق پشاور سے کوئٹہ آنے والی واپسی سروس بھی معمول کے مطابق چلائی جائے گی، جس سے بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان ریلوے رابطہ دوبارہ بحال ہو جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کی سہولت اور سفر کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ریلوے آپریشن کی بحالی سے نہ صرف مسافروں کو آمدورفت میں آسانی ہوگی بلکہ تجارتی اور سماجی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔