کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے ارکان نے کہا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کے پاور شٹ ڈاؤن اور اس کے نتیجے میں بیک پریشر سے لائن پھٹنے کے باعث عروس البلاد کراچی ایک بار پھر پانی کی بوند بوند کو ترس گیا ہے، تپتی گرمی میں کروڑوں گیلن پانی کی سپلائی معطل ہونے سے شہر میں ہاہاکار مچ گئی ہے اور واٹر بورڈ کا پورا ترسیلی نظام دھڑام سے نیچے آ گرا ہے، کے الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن کی بدترین کارکردگی اور نااہلی کو شہریوں کے خلاف معاشی و ذہنی جارحیت قرار دیتے ہوئے شہر گیر احتجاج اور سڑکوں پر آنے کی حتمی وارننگ دی ہے، کراچی کے چار کروڑ سے زائد عوام کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہائیڈرینٹ مافیا اور ٹینکر مافیا کی بھیٹ چڑھا دیا گیا ہے، دھابیجی جیسے حساس اور کلیدی پمپنگ اسٹیشن پر آئے روز بجلی کا غائب ہونا اور پائپ لائنوں کا فیل ہو جانا اب کوئی تکنیکی خرابی نہیں بلکہ دونوں اداروں کی کھلی مجرمانہ غفلت ہے۔