لاہور(خبرنگار ) وفا ق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے کہا ہے کہ معاہدہ ابراہیمی دراصل اسلام کی توہین کا منصوبہ ہے، جسے کوئی اسلامی ملک تسلیم نہیں کرے گا۔ ابراہیمی معاہدے کو مسترد کرکے سعودی رہنما محمد بن سلیمان نے اچھا کردار ادا کیا ہے، ٹرمپ کی کال سننے والے باقی ممالک کے سربراہان کی زبان سے کوئی لفظ نہیں نکلا۔محمد بن سلیمان کا اعلان کہ جب تک مستقل فلسطینی ریاست نہیں بنائی جاتی، ابراہیمی معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے،قابل تحسین ہے۔جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈ ل ٹاون میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مرید نقوی نے کہا اسرائیل تسلیم کروانے کا امریکی منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا، انشاءاللہ میں اور آپ زندہ رہے تو جلد غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا خاتمہ دیکھیں گے۔ امریکہ جس ملک میں بھی امن قائم کرنا چاہے یا بدامنی اس کی مرضی پر منحصر ہے، جمہوریت اور بادشاہت اس کی جیب میں ہے، کسی کو دہشتگرد بنانا ہے ، کسی کو اقتدار میں لانا ہے، کسی کو اقتدارسے ہٹانا ، سب اس کے اختیار میں ہے۔