لاہور(کرائم رپورٹر)ٹریفک پولیس نے نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے اور غیر قانونی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے،صرف وہی نمبر پلیٹس قابل قبول ہوں گی جو محکمہ ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق ہوں، جبکہ قواعد کے مطابق نمبر پلیٹس رکھنے والے شہریوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ ۔ اس حوالے سے متعلقہ افسران کو سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹ کی شناخت تبدیل کرنا سنگین خلاف ورزی ہے، جس پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر نمونہ اور غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے چالان کے ساتھ مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔