لاہور(خصوصی نمائندہ،خبر نگار)صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے ضلع رحیم یار خان میں اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نسرین ریاض گجر، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان، سابق ایم پی اے اقلیتی امور کانجی رام، سیمسن مختار اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے دورے کے دوران ورناویش مندر کی تزئین و آرائش و بحالی، چرچ پلاٹ رحیم یار خان کی تعمیر و بحالی، اقلیتی قبرستان کی تعمیر و مرمت، عبادت گاہ ابوطہٰی کالونی نمبر 2 چک 83-پی رحیم یار خان اور کمیونٹی سنٹر 186-پی ٹبی بھگوار صادق آباد کے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ اقلیتی برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام شہریوں کو بلا امتیاز مذہب، رنگ اور نسل یکساں حقوق کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کی بحالی، مذہبی آزادی کے فروغ اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔