کراچی (طاہر عزیز۔۔اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر کارپوریشن کے پمپنگ اسٹیشنز پر ایک کےبعد دوسرا،تیسرا اور نہ رکنے والے فالٹس کا سلسلہ جاری ہے ،پیر کو حب پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی مین کیبل فالٹ کے باعث اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے نتیجے میں شہر کو یومیہ 85 ملین گیلن پانی سپلائی نہ ہو سکا ،واضح رہے حب پمپنگ اسٹیشن سےکراچی کویومیہ 100 ایم جی ڈی پانی سپلائی کیا جاتا ہےواٹر کارپوریشن نے اب تک جب بھی پانی کی فراہمی بند ہوئی اس کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرارا دیا ہےتاہم واٹر پمپنگ اسٹیشنزپر تواتر کے ساتھ بریک ڈائون اور پھر لائنوں کا پھٹ جاناخو دواٹر کارپوریشن افسران کی سمجھ میں نہیں آ رہا،بعض ذرائع واٹر بورڈ افسران کے کے الیکٹرک کے ساتھ اچھے ورکنگ ریلیشن نہ ہونا اور کچھ اسے خود واٹر بورڈ کی انتظامی خامیاں قرا دے رہے ہیں کیونکہ پانی کے بار بار اور طویل تعطل نے کراچی کے شہریوں کو ایک عذاب میں مبتلا کر رکھا ہےشدید گرمی میں پانی دستیاب نہ ہونے کے باعث لوگ تنگ آکر سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ صورتحال اتنی زیادہ خراب ہونے کے باوجود کسی حکومتی نمائندے یا واٹر بورڈ کے اعلیٰ افسر نےکراچی کے شہریوں کو آج تک اعتماد میں نہیں لیاکہ پانی کے بار بار ہونے والے طویل تعطل کی اصل وجوہات کیا ہیں ایسا لگتا ہے کہ عوام کو ان کے اپنے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے دریں اثنا واٹر کارپوریشن اعلامیے کے مطابق رابطہ کرنے پر کے الیکٹرک کی تکنیکی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیاابتدائی معائنے کے دوران کے الیکٹرک حکام نے تصدیق کی کہ پمپنگ اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنے والی مین کیبل میں فالٹ پیدا ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے،دریں اثنا ترجمان کےالیکٹرک نے کہا ہے کہ حب پمپنگ اسٹیشن پر کیبل فالٹ کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جو بحال کی جا چکی ہے،حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی متبادل ذرائع سے جاری ہے،کے-الیکٹرک کا عملہ واٹر بورڈ کے نمائندوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔