پشاور (کرائم رپورٹر)سربند میں عید قربان کے پہلے روز رقم کی خاطر سگے بھائی کو کلہاڑی اور بیلچے کے وارسے قتل کرنے والے مبینہ 2سفاک قاتلوں کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا گیا ہے ، ملزم بھائی اور خالہ زاد اپنے ہی گھر سے تقریبا 19لاکھ کی رقم چوری کرکے لیکر جارہے تھے ،معذوربھائی سے ہاتھاپائی ہوگئی جسے بعد میں بیدردی سے قتل کیا گیا۔ ایس پی کینٹ عبداللہ احسان نے ڈی ایس پی عمرآفریدی اور ایس ایچ او سربند عثمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ پشتہ خرہ بالا کا رہائشی حنیف خان اہلخانہ کے ہمراہ قربانی کےلئے ہم زلف کے گھر گیاجبکہ اس کا 21 سالہ معذور بیٹا ریحان گھر میں اکیلا تھاجہاں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر 16لاکھ 80ہزار کی رقم لوٹ کر ریحان کو ذبح کردیا۔ واردات کے بعد رشتہ داروں سے پوچھ گچھ کی گئی جس کے دوران معلوم ہوا کہ خونی ڈکیتی میں مقتول کا بھائی اورخالہ زاد ملوث ہیں جن سے تمام رقم اور آلہ قتل بھی برآمد ہوا ہے۔ایس پی کینٹ نے بتایاکہ جواں سالہ ملزمان محمد وقاص اور محمد دونوں بھی قربانی کیلئے گئے تاہم جانور ذبح ہونے پر وہ واردات کیلئے گھر پہنچے جہاں کچن کی ٹوکری میں اس کے والد حنیف نے لاکھوں کی رقم محفوظ کی تھی ۔حنیف دودھ فروش اور مال مویشی کاکاروبار کرتا ہے جس نے عیدسے قبل جانور فروخت کرکے رقم گھر میں رکھی۔دونوں خالہ زاد نے لالچ میں آکر چوری کا منصوبہ بنایاجو خونی واردا ت میں تبدیل ہوا۔ والدکے مطابق ان کا دوسرابیٹا بھی معذورہے، اس طرح ایک بیٹا قتل دوسرا جیل چلا گیا۔ قتل الزام میں گرفتار دونوں ملزم نماز جنازہ اور تدفین میں شریک رہے، واردات کے بعد لاکھوں کی رقم ملزم محمد نے اپنے گھر کے قریب ڈیری فارم میں گڑھا کودا اوراس میں رقم چھپائی۔ ملزموں کو آج عدالت میں پیش کیاجاییگا۔