• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپٹما کا حکومت کو خط؛ پنجاب میں کپاس کے رقبے میں ریکارڈ کمی پر گہری تشویش کا اظہار

اسلام آباد (اسرار خان) اپٹما کا حکومت کو خط؛ پنجاب میں کپاس کے رقبے میں ریکارڈ کمی پر گہری تشویش کا اظہار،مقامی پیداوار میں کمی سے مہنگی درآمدی کپاس پر پاکستان کا انحصار مزید بڑھنے کا خدشہ، اپٹما کا انتباہ۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے ایک خط کے مطابق پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری نے رواں سیزن میں پنجاب کے اندر کپاس کے زیر کاشت رقبے میں شدید کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انڈسٹری نے متنبہ کیا ہے کہ کپاس کی مقامی پیداوار میں کمی اور اس پر کیڑے مکوڑوں کے پھیلتے ہوئے حملے کے باعث، ملک کا مہنگی درآمدی کپاس پر انحصار مزید گہرا ہو سکتا ہے۔ پنجاب کے سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں اپٹما نے کہا ہے کہ حالیہ میڈیا رپورٹس اور اس کے اپنے فیلڈ جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ کپاس اگانے والے بڑے اضلاع بشمول ملتان، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی میں کپاس کی کاشت ’’تاریخی طور پر کم ترین‘‘ سطح پر رہی ہے۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری کی اس تنظیم کا کہنا ہے کہ اس نے موجودہ سیزن کے دوران فصل کی صورتحال اور کسانوں کے ردعمل کا جائزہ لینے کے لیے زمینی دورے کیے ہیں۔ اگرچہ کاشت کے رقبے میں کمی نے تشویش پیدا کر دی ہے، تاہم اپٹما نے اس بات کا بھی ذکر کیا ہے کہ کئی علاقوں میں کپاس کی جلدی بوئی جانے والی فصل کے کھیتوں میں اس وقت ’’حوصلہ افزا‘‘ صورتحال دکھائی دے رہی ہے، جس کی وجہ سازگار موسم، مناسب درجہ حرارت اور کپاس کے ٹینڈوں کی اچھی نشوونما ہے۔

اہم خبریں سے مزید