راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے حکومت کی زرعی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کے گھروں پر چھاپے فوری طور پر بند کیے جائیں اور اپنی انتظامی ناکامیوں کا بوجھ کسانوں پر نہ ڈالا جائے، زراعت کو مکمل طور پر ٹیکس فری رکھا جائے اور کھاد، زرعی ادویات، بیج، بجلی اور ڈیزل پر مزید ٹیکس عائد نہ کیے جائیں،کھادوں پر سبسڈی دی جائے اور کھاد کمپنیوں سے مشاورت کے ذریعے قیمتوں میں کمی لائی جائے، کچھی کینال منصوبے کی تکمیل میں تیزی لائی جائے، حکومت نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار نہ کی تو پاکستان کو شدید غذائی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔کسانوں کی عزت نفس اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا تو پاکستان کسان اتحاد بھرپور اور پرامن احتجاج کرے گا،پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نےان خیالات کا اظہار سندھ ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے کسان نمائندوں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔