اسلام آباد ( نیو زرپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے امریکا کے ساتھ آٹھ دہائیوں پر مبنی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی، تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں، ہم سبز انقلاب کے فروغ سمیت تربیلا ڈیم ، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور تعلیمی شعبے میں امریکا کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے،جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے امریکی صدر کے کردار کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے، صدر ٹرمپ کو ’’امن کے داعی‘‘ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان ایک مخلص ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، اعتماد کے اظہار پر امریکہ اور ایران کے شکر گزار ہیں،انہوں نے فیلڈ مارشل سیّد عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو بھی سراہا جس کے ذریعے وہ علاقائی امن اور استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ وہ جمعرات کو یہاں امریکی سفارتخانے میں ریاست ہائے متحدہ امریکا کی 250 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ، وفاقی وزراء اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ امریکی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔