اسلام آباد( جنگ نیوز)سپریم کورٹ میں نورمقدم قتل کیس میں مرکزی مجرم ظاہر جعفر کی سزائے موت کیخلاف نظرثانی درخواست مسترد، عدالت نے مجرم کو سزائے موت کا حکم برقرار رکھا، جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تین رکنی بنچ نے متفقہ فیصلہ سنایا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نورمقدم قتل کیس میں مرکزی مجرم ظاہر جعفر کی سزائے موت کیخلاف نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی،مجرم ظاہر جعفر کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مقتولہ کا ٹیسٹ تو کرایاگیا لیکن مجرم کا نشے کی جانچ کا ٹیسٹ نہیں ہوا، سوال ہے کہ استغاثہ نے مجرم کے نشے کا ٹیسٹ کیوں نہیں کرایا،استغاثہ نے دباؤ میں آ کر میرے موکل کا ٹیسٹ نہیں کرایا۔