کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے کراچی میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت ہوا، اب کے الیکٹرک کو شتر بے مہار کا انداز اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف سینیٹ کے آئںدہ اجلاس میں بھرپور آواز اٹھاوَں گا۔ اپنے جاری کردہ بیان میں، سینیٹر وقار مہدی نے مزید کہا کہ شدید گرمی میں بجلی کی سولہ سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ انہوں کہا کہ کے الیکٹرک ایسٹ انڈیا کمپنی بن چکا جس کا کراچی میں اب بلاشرکت غیرے راج قائم ہے۔