لاہور (آصف محمود بٹ) ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان (ٹی آئی پی) نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور (آئی یو بی) کی جانب سے ایک شہری کو یونیورسٹی کے مالیاتی معاملات اور اخراجات سے متعلق مطلوبہ معلومات فراہم نہ کیے جانے کے الزامات پر پنجاب انفارمیشن کمیشن (پی آئی سی) سے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت برقی مرمت اور خریداریوں کی ادائیگیوں کا ریکارڈ مانگا گیا، ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود جواب نہ مل سکا۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان (ٹی آئی پی) کا موقف ہے کہ شکایت اور دستیاب دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد بادی النظر میں الزامات درست معلوم ہوتے ہیں اور ان کی باقاعدہ جانچ پڑتال ضروری ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ بادی النظر میں یہ معاملہ پنجاب ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013، آئین پاکستان کے آرٹیکل 19-اے اور پنجاب انفارمیشن کمیشن کے احکامات کی ممکنہ خلاف ورزی کی نشاندہی کرتا ہے۔