کراچی (اسد ابن حسن) اسٹیل ملز میں چوریوں اور خراب انتظامی کارکردگی کے حوالے سے چار برس سے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی میں انکوائری جاری ہے مگر اب تک کسی منطقی انجام تک نہ پہنچ سکی۔ ایک مرتبہ پھر ایف آئی اے نے سابق اور حاضر سروس افسروں کو طلب کیا ہے۔ طلب شدہ متعلقہ افسران اسٹیل ملز میں ہونے والی مختلف چوریوں کی انکوائریز اور تحقیق کرتے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 2021 میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ہدایت پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے انکوائری نمبر 44/22 درج کی۔ ابتدا میں اس انکوائری میں اس وقت کی یونین کو دی گئی دو گاڑیوں کی چوری، مل سے دیگر سامان کی چوریوں اور ادارے کی ملکیت ایک بس کو نزر اتش کرنا سمیت مالیت تقریبا تین کروڑ بتائی گئی۔ ابتدا میں اس انکوائری کو مختلف افسران کرتے رہے اور بعد میں اس انکوائری کو مزید چار حصوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ اور پھر مجموعی نمبر 41/22 سے لے کے 45/22 ہو گی۔ ایک تحقیقات بند کرنے کی بھی سفارش کی گئی مگر لاء ڈیپارٹمنٹ نے اس پر اعتراض لگا دیا۔