اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان کے بعد، اب بھارت دریاؤں کے پانی کی تقسیم کے معاملے پر بنگلہ دیش کے ساتھ بھی پانی کے تنازع میں الجھ گیا ہے۔مغربی بنگال میں بی جے پی کے زیر اثر مسلمان دشمن حکومت کے قیام کے بعد، بنگلہ دیش اس نئی حکومت کے ہاتھوں شدید مشکلات کا شکار ہے۔ انتہائی اعلیٰ سفارتی ذرائع نے اتوار کو جنگ کو بتایا کہ دونوں ممالک ’’گنگا واٹر شیئرنگ ٹریٹی‘‘ کے تناظر میں کوئی بھی مفاہمت پیدا کرنے میں ناکام رہے ہیں، جو اگلے چند ہفتوں میں اپنی تیس سالہ مدت پوری کرنے کے بعد اسی سال ختم ہونے والا ہے۔ دونوں ممالک پانی کی تقسیم کے اپنے تعلقات میں ایک نازک موڑ پر پہنچ چکے ہیں، کیونکہ جنوبی ایشیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوںکے باعث آنے والے سیلابوں اور خشک سالی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے درمیان 1996کا ’’گنگا واٹر شیئرنگ ٹریٹی‘‘ اس سال ختم ہونے کے قریب ہے۔