۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کراچی (اسد ابن حسن) منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کا لاہور میں ایک "جعلی سیلری اکائونٹ" بھی موجود تھا جس میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن ہوتی رہی۔ بینک میں جمع کرائے گئے کاغذات جعلی تھے، کوئی کمپنی موجود ہی نہیں ہے حیرت انگیز طور پر ایک عام آدمی جب بینک میں اکائونٹ کھلوانا چاہتا ہے تو اس سے بے انتہا سوال جواب اور دستاویزات مانگی جاتی ہیں مگر پنکی کے معاملے میں ایسا نہیں ہوا، اس کا اکاؤنٹ غیر ملکی بینک کی نیو گارڈن لاہور برانچ میں تھا۔ 2019میں اینٹی نارکوٹکس فورس میں درج مقدمہ نمبر 63/19کی تفتیشی افسر سب انسپکٹر صوبیہ ارم نے یکم جولائی 2021کی اپنی رپورٹ میں یہ تحریر کیا تھا کہ پنکی کا لاہور کے علاقے چوبرجی میں ایک ملٹی نیشنل بینک میں سیلری اکائونٹ ہے جس میں اس کو ایک کمپنی کا ملازم ظاہر کیا گیا تھا اس میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن ہوتی رہی اور جس وقت بینک نے اسٹیٹمنٹ دیا تو اس کے اکائونٹ میں 6کڑور 39لاکھ 88ہزار 912روپے کی ٹرانزیکشن موجود تھی اور ملزمہ مفرور قرار دی گئی تھی۔ جب تفتیشی افسر مذکورہ کمپنی کے ایڈریس 9/10چھٹہ پلازہ، فرسٹ فلور، چوبرجی پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ اس نام کی کوئی کمپنی یہاں موجود ہی نہیں ہے۔ بینک میں جمع کرائے گئے کاغذات جعلی تھے۔