کراچی (آئی این پی) محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج سے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے، شہر میں 8سے 12جون تک درجہ حرارت 43ڈگری تک جا سکتا ہے، شہری پانی زیادہ استعمال کریں۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں آج دن کے وقت گرمی کی شدت 43ڈگری محسوس ہو سکتی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے سے گرمی کی شدت زیادہ ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی موسم گرم و مرطوب ہے۔ شہر میں مغربی سمت سے 22کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی میں بچے، خواتین اور بزرگ احتیاط کریں، عوام صبح 10 سے شام 4 بجے تک دھوپ سے بچیں اور ہیٹ ویو کے دوران شہری پانی زیادہ استعمال کریں۔