راولپنڈی (نامہ نگار+نیوز رپورٹر)سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں گزشتہ 72گھنٹوں کے دوران انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے27دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد، علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہے، ہلاک ہونیوالے دہشتگرد معصوم شہریوں کے قتل اور دہشتگردی کی مختلف سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر دفاع محسن نقوی نے دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشنز پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈمعلومات پر خوارج کے مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں جہاں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائیوں کے نتیجے میں 27 دہشت گرد جہنم واصل کئے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شمالی وزیرستان میںفتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔