• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ انسانیت کیخلاف سنگین جرم ہے، غزالہ گولہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ نے سول اسپتال کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت ، اخلاقیات اور معاشرتی اقدار کے خلاف سنگین جرم قرار دیا ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ خواتین خصوصاً شعبۂ صحت سے وابستہ افراد پر حملے ناقابلِ برداشت ہیں ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔ انہوں نے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور ملزم کے خلاف بروقت کارروائی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔ ڈپٹی اسپیکر نے متاثرہ خاتون ڈاکٹر کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اور پوری صوبائی اسمبلی متاثرہ ڈاکٹر اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر متاثرہ ڈاکٹر کو فوری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی خوش آئند اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں خواتین کے تحفظ ، امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی ۔
کوئٹہ سے مزید