پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے گلوکار فلک شبیر اور ان کی اور اداکارہ اہلیہ سارہ خان سے متعلق ایسے دعوے کر دیے جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہوگئی۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب فلک شبیر کے خواتین کے لباس سے متعلق حالیہ بیان پر تنقید کی جا رہی تھی، فلک شبیر نے ایک بیان میں مطالبہ کیا تھا کہ خواتین کے مختصر یا جسم نمایاں کرنے والے لباس پر پابندی عائد کی جائے، جس کی وجہ انہوں نے اپنی بیٹیوں کی پرورش اور معاشرتی اثرات کو قرار دیا تھا۔
اس پر ردِعمل دیتے ہوئے علیزے شاہ نے اپنے ماضی کے تجربے کا حوالہ دیا اور دعویٰ کیا کہ میں نے فلک شبیر کے میوزک ویڈیو میں کام کیا تھا، جہاں مجھ سے ایسے ملبوسات پہننے کو کہا گیا جن میں خود کو غیر آرام دہ محسوس کر رہی تھی۔
علیزے شاہ کے مطابق ویڈیو میں استعمال ہونے والے ملبوسات کی اسٹائلنگ سارہ خان نے کی تھی۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں بعض رومانوی مناظر کے حوالے سے میں نے اعتراض کیا تھا اور ان مناظر کو کم کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ آج خواتین کے لباس پر پابندی کی بات کرنا اور ماضی میں مختلف طرز کے مناظر اور ملبوسات کا حصہ بننا ایک تضاد معلوم ہوتا ہے۔
علیزے شاہ کے ان دعوؤں کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، بعض افراد فلک شبیر پر دہرا معیار اپنانے کا الزام لگا رہے ہیں، جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے قبل تمام فریقین کا مؤقف سامنے آنا چاہیے۔