• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں گندم کی قلت ہے نہ ہی سپلائی کا کوئی بحران، وزیر خوراک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان نے کہا ہے کہ سندھ میں گندم کی کوئی قلت یا شارٹ فال نہیں اور نہ ہی سپلائی کا کوئی بحران ہے، تاہم بعض عناصر مصنوعی طور پر قیمتیں بڑھا کر عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور اگر کوئی غیر قانونی طور پر گندم ذخیرہ کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ذخیرہ شدہ گندم ضبط کر لی جائے گی ، تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان کی زیر صدارت گندم اور آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور مارکیٹ کی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ زون کے وفد نے چیئرمین جنید عزیز کی سربراہی میں شرکت کی۔ اجلاس میں گندم کی دستیابی، آٹے کی قیمتوں، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کے عوامل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری فوڈ غلام عباس نائچ، ڈائریکٹر فوڈ اللہ ڈنو چنا، ایڈیشنل ڈائریکٹر فوڈ خالد قائم خانی، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایڈمن اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے جبکہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ زون کے چیئرمین جنید عزیز، وائس چیئرمین چوہدری عامر، حاجی محمد یوسف اور دیگر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اہم خبریں سے مزید