اسلام آباد (نمائندہ جنگ) بجٹ میں سپر ٹیکس اور غیر ملکی اثاثوں پر کیپٹل ویلیو ٹیکس ختم کرنے کی تجویز ہے، 50کروڑ روپے تک کی آمدنی پر عائد سپر ٹیکس مکمل ختم جبکہ50کروڑسے زیادہ آمدنی پر سپر ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے کم کرکے 8فیصد کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا گیا سپر ٹیکس کی شرح میں کمی کے حوالہ سے مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہماری حکومت نے کاروبار سے 15کروڑ روپے سے 50کروڑ روپے تک کی آمدنی کی چھ Slabs پر عائد سپر ٹیکس جو ایک فیصد سے لیکر ساڑھے سات فیصد کی سطح تک تھا، اس کو مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح پچاس کروڑ روپے سے زیادہ آمدنی پر سپر ٹیکس کی شرح دس فیصد سے کم کر کے آٹھ فیصد کرنے کی تجویز ہے۔