اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) فنانس ایکٹ 2026-27کے مطابق ان لینڈ ریونیو کے نظام میں فیس لیس دائرہ اختیار متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت نیشنل فیس لیس سینٹر میں تعینات ٹیکس حکام بورڈ کے تیار کردہ کمپیوٹرائزڈ طریقۂ کار کے ذریعے مخصوص افراد یا افراد کے طبقات کے متعلق مخصوص ٹیکس ادوار کے لیے انکم ٹیکس ایکٹ کے تحت تمام یا بعض اختیارات اور فرائض انجام دے سکیں گے۔ مجوزہ نئی دفعہ 30AA کے مطابق کمپیوٹرائزڈ طریقۂ کار کے ذریعے تفویض کردہ دائرہ اختیار خصوصی یا مشترکہ نوعیت کا ہو سکتا ہے۔ بورڈ کو اختیار حاصل ہوگا کہ چیف کمشنر کی سفارش پر یا ازخود کسی مخصوص ٹیکس مدت کے لیے نیشنل فیس لیس سینٹر کو تفویض کردہ دائرہ اختیار واپس لے کر اسے دفعہ 30 کے تحت متعلقہ دائرہ اختیار رکھنے والے ان لینڈ ریونیو افسر کو منتقل کر سکے۔