اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد)ایف بی آر کا فیس لیس آڈٹ اور ڈیجیٹل نگرانی کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی بجٹ 2026-27 کے لیے ایف بی آر کی جانب سے تجویز کردہ انتظامی اصلاحات کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔جن کا مقصد ٹیکس انتظامیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنا، انسانی مداخلت کم کرنا اور محصولات کی وصولی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ دستاویز کے مطابق اس سلسلے میں پانچ بڑے انتظامی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔مجوزہ اصلاحات کے تحت قومی سطح پر فیس لیس آڈٹ ونگ اور فیس لیس اسیسمنٹ سسٹم قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ ٹیکس دہندگان اور ٹیکس حکام کے درمیان براہ راست رابطے کو کم کرکے شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔ اس کے علاوہ الگورتھمک سیٹلمنٹ میکنزم اور سینٹرل ڈیٹا ہب کے قیام کی سفارش بھی کی گئی ہے جس کے ذریعے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا تجزیہ خودکار انداز میں کیا جا سکے گا۔