کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ این آئی سی وی ڈی مفت اور عالمی معیار کے امراضِ قلب کے علاج کی فراہمی کے ذریعے لاکھوں افراد کے لئے امید کی علامت بن چکا ہے،یہ بات انھوں نے وزیر اعلیٰ ہاوس میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز (این آئی سی وی ڈی) اور حسن سلیمان میموریل ہسپتال (ایچ ایس ایم ایچ) ملیر کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس شراکت داری کا مقصد ملیر اور گرد و نواح کے علاقوں کے رہائشیوں کے لئے امراضِ قلب کی جامع خدمات کی فراہمی ہے۔ شراکت داری کے تحت حسن سلیمان میموریل ہسپتال ہنگامی امراضِ قلب کی جانچ مریضوں کو مستحکم کرنے اور بعد از علاج نگہداشت کی خدمات فراہم کرے گا، جبکہ انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی اور دل کے آپریشن جیسے جدید علاج کے محتاج مریضوں کو ایک مخصوص ریفرل نظام کے ذریعے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جائے گا۔ اس تعاون میں ٹیلی کارڈیالوجی سپورٹ، ماہرین کی مشاورت اور طبی و نیم طبی عملے کی استعداد کار میں اضافہ بھی شامل ہے۔