اسلام آباد(جنگ نیوز) وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026کے لیے اقتصادی ترقی کی شرح 4فیصد اور ملک میں مہنگائی کی شرح کا ہدف 8.2فیصد رکھا ہے،اگلے مالی سال کے لیے بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ملک بھیجی جانے والی رقوم کا ہدف42.4ارب ڈالر رکھا گیا ہے۔بجٹ دستاویزات کے مطابق ملکی مصنوعات کی برآمدات کا ہدف 32.9ارب ڈالر رکھا گیا ہے جب کہ دوسری جانب خدمات کے شعبے کی برآمدات کا ہدف 11.3 ارب ڈالر رکھا گیا ہے۔رواں مالی سال کے لیے مصنوعات کی درآمدات کا ہدف 70ارب ڈالر رکھا گیا ہے اور خدمات کے شعبے میں درآمدات کا ہدف 13.8ارب ڈالر رکھا گیا ہے۔اگلے مالی سال میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کے لیے 1000 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔وفاقی حکومت نے اگلے مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام میں 1000 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے جس کے تحت انفراسٹرکچر، سوشل، گورننس اور دوسرے شعبوں میں ترقیاتی بجٹ کے لیے رقم مختص کی گئی ہے۔