اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان اور شام کے زیرِ قبضہ علاقوں میں بدستور موجود رہے گی اور ان علاقوں سے انخلاء کے لیے کوئی مدت مقرر نہیں کی گئی۔
نیتن یاہو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ لبنان میں قائم سیکیورٹی بفر زون میں اسرائیلی فوج ’جب تک ضروری ہوا‘ موجود رہے گی۔
واضح رہے کہ اسرائیل اس وقت لبنان کے تقریباً 570 مربع کلو میٹر علاقے پر قابض ہے۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے ایک مجوزہ معاہدے کی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں جس میں لبنان میں فوجی کارروائیوں کے خاتمے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
نیتن یاہو نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل ایران سے منسلک گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور اپنی سلامتی کے لیے ضروری اقدامات سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
ادھر اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی کہا ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان، شام اور غزہ میں قائم سیکیورٹی زونز میں غیر معینہ مدت تک موجود رہے گی اور کسی بھی دباؤ کے باوجود لبنان سے انخلاء نہیں کیا جائے گا۔
اس سے قبل نیتن یاہو نے اپنے ایک بیان میں ایران کے خلاف حالیہ جنگی کارروائیوں کو اسرائیل کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔