کراچی( مطلوب حسین )ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ کراچی میں کارروائی کرتے ہوئےجعلی پولش ورک ویزہ پر پولینڈ جانے کی کوشش کرنے والے مسافر داؤد خان ولد اصغر خان، ساکن ضلع صوابی کو حراست میں لے لیا، ایف آئی اے حکام کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کے سفر سے متعلق دستاویزات مشکوک پائے گئے۔ تفصیلی جانچ کے دوران پولینڈ کا ورک ویزا جعلی اور کاؤنٹر فٹ پایا گیا، جو اصل سکیورٹی فیچرز اور بالخصوص الٹرا وائلٹ (UV) تصدیق پر پورا نہیں اترتا تھا،ابتدائی تفتیش میں مسافر نے انکشاف کیا کہ پولینڈ کے ویزے کی دو بار مسترد ہونے کے بعد اس نے فیس بک کے ذریعے ترکی میں مقیم ایجنٹ ابو یورب سے رابطہ کیا، جس نے بائننس کرپٹو پلیٹ فارم کے ذریعے 2 لاکھ 40 ہزار روپے وصول کر کے جعلی ویزا اسٹیکر اور دیگر مواد فراہم کیا،ملزم نے مزید بتایا کہ اسے ایک کوریئر پارسل موصول ہوا جس میں چائے کے کپوں کے اندر خفیہ طور پر جعلی پولش ویزا اسٹیکر، پولش ایمبیسی کی مہر اور اسٹیمپ پیڈ چھپائے گئے تھے۔