• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم یقینی بنائیں گے ایران علاقائی دہشت گردی کیلئے فنڈنگ فراہم نہ کرے، جے ڈی وینس

فوٹو: امریکی میڈیا
فوٹو: امریکی میڈیا 

نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت میں طے ہونے والا 60 روزہ دورانیے کا آج سے آغاز ہوگیا، ہم یقینی بنائیں گے کہ ایران علاقائی دہشت گردی کیلئے فنڈنگ فراہم نہ کرے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کی زیادہ تر فوجی صلاحیتیں تباہ ہوچکی ہیں، ہم نے ایران کے بیلسٹک میزائل بنانے والی بہت سی تنصیبات کو تباہ کیا ہے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران بھی اب اپنی معیشت کو بہتر بنانا چاہتا ہے، ایران کا رویہ بہتر رہا تو یہ ایران کے مفاد میں ہی ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 12 ملین بیرل سے زیادہ تیل کی ایک رات میں آبنائے ہرمز سے ترسیل ہوچکی ہے، ایران نے اب تک کسی جہاز پر حملہ نہیں کیا، ایران مفاہمتی یادداشت میں شامل آبنائے ہرمز کھل جانے کی پاسداری کر رہا ہے۔

نائب امریکی صدر نے کہا کہ حتمی معاہدے میں بات ہو گی کہ ایران کے پاس دنیا کیلئے خطرہ بننے والے میزائل نہ ہوں، ایران کو اب اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کیلئے بہت زیادہ رقم کی ضرورت ہو گی، معاہدے میں ایران پابندیوں کے معاملے میں زیادہ رعایت نہیں ہے، ہم دیکھیں گے کہ ایران لین دین کیسے کرتا ہے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم کانگریس کی منظوری کے بغیر بھی عارضی طور پر ایران سے پابندیاں ہٹا سکتے ہیں، ایران کو ایک سینٹ نہیں دے رہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلیوں کو امن عمل کا احترام کرنا ہوگا، بیروت میں شہریوں پر حملے ناقابل قبول ہیں، معاہدہ علاقائی امن و استحکام کو یقینی بناتا ہے، خلیجی ممالک کو معاہدہ اچھا لگا ہے کیونکہ اس سے ایران کمزور ہوا ہے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں لبنان میں حزب اللّٰہ مضبوط نہ ہو تاکہ اسرائیل کو کوئی خطرہ نہ رہے، اسرائیل کو خطرہ نہیں ہوگا تو اسرائیل بھی جنوبی لبنان یا بیروت پر حملہ نہیں کرے گا۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد امریکی فوج نے ایرانی ناکہ بندی میں نرمی کی ہے،  امریکی فوج نے دستخط کے بعد 12 جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی ہے،  ایران کے رویے میں تبدیلی تک منجمد اثاثے جاری نہیں کریں گے۔

نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ جانے کا پروگرام ابھی بھی ہے، ہمارا جینیوا جانے کا ارادہ ہے، وقت کا ابھی پوری طرح طے نہیں ہوا،  تکنیکی بات چیت اسی ہفتے شروع کرنے کا ارادہ ہے لیکن ابھی کچھ طے نہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید