اسلام آباد (عاطف شیرازی ، ایوب ناصر ، راحت منیر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صوبے کا این ایف سی ایوارڈ مکمل طور پر محفوظ ہے ، مزید کسی قربانی کا تقاضا نہیں کیا جائے گا ، قومی دفاع کیلئے تمام صوبے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، پیٹرولیم اور گیس لیویزکے محصولات میں صوبوں کو ان کا حصہ نہیں دیا جا رہا، بھارت کی جانب سے ’’سندور ٹو‘‘ جیسے بیانات اور دھمکیاں تشویش کا باعث ہیں، آزاد کشمیر کے مسئلے کا سیاسی حل نکالا جائے ۔ قوموں کی اصل طاقت ہتھیار نہیں بلکہ قومی یکجہتی ہے، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ امن اور سفارتکاری جنگ اور محاذ آرائی سے زیادہ مؤثر راستہ ہیں قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج پوری دنیا کیلئے امید کی ایک نئی کرن پیدا ہوئی اور ایران امریکا معاہدہ اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنگ کی قیمت کو اچھی طرح جانتا ہے اور امن صرف اخلاقی نہیں بلکہ معاشی ضرورت بھی ہے۔