نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اسحاق ڈار نے سعودی عرب میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 14 جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس کیا۔
اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی عوام کی جانب سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
دوران گفتگو پاکستان اور سعودی عرب کی جانب سے خطے کی بدلتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیاجبکہ اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
دوسری طرف اسحاق ڈار کا بحرین کے وزیر خارجہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
بحرینی وزیر خارجہ نے امن کےلیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اورخطے میں پائیدار استحکام کی امید ظاہر کی۔
اسحاق ڈار نے خطے اور دنیا میں امن کےلیے مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔