• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمشنر ملتان کا مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، کام کی پیشرفت‘ معیار اور رفتا رکاجائزہ

ملتان(سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے اتوار کے روز شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ جاری منصوبوں کی پیش رفت، معیار اور رفتار کا جائزہ لیا،اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی، کمشنر ملتان نے ملتان ایونیو منصوبے کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام نو سیکشنز پر بیک وقت کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو سکے،انہوں نے محکمہ ہائی وے کو ہدایت کی کہ ہر سیکشن کی مؤثر اور مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے جب کہ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو گرین بیلٹ کی تیاری، شجرکاری اور لینڈ سکیپنگ کا کام جلد مکمل کرنے کا ٹاسک دیا، بعدازاں کمشنر نے کمپری ہینسو سکول روڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی،انہوں نے ہدایت کی کہ روڈ کے میڈین میں بارہ فٹ قد آور اور سایہ دار درخت لگائے جائیں تاکہ منصوبہ شہریوں کو بہترین ماحول فراہم کر سکے، کمشنر نے خورشید کالونی روڈ منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور واضح ہدایت کی کہ منصوبہ ہر صورت 10 جولائی تک مکمل کیا جائے، مقررہ ٹائم لائن پر کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، کمشنر ملتان نے برینڈ روڈ کا بھی معائنہ کیا، تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی،کمشنر عامر کریم خاں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور بروقت رپورٹنگ کے ذریعے منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔
ملتان سے مزید