ملتان(سٹاف رپورٹر ) سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر کے میڈیکل اداروں، تدریسی ہسپتالوں اور متعلقہ محکموں سے یومیہ اجرت ،کنٹی جنٹ پیڈ سٹاف اور بورڈ آف مینجمنٹ کے اُن ملازمین کی تفصیلات طلب کر لی ہیں جو اس وقت ایس این ای (SNE) پوسٹوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں، محکمہ کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق مجاز اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ ایسے تمام ملازمین کا مکمل ریکارڈ فوری طور پر فراہم کیا جائے جو ایسی پوسٹوں پر کام کر رہے ہیں اور جن کی تنخواہیں پی ایل اے اکاؤنٹ کے علاوہ دیگر ذرائع سے ادا کی جا رہی ہیں، اس میں وہ ملازمین بھی شامل ہوں گے جو ابتدا میں بورڈ آف مینجمنٹ کی تخلیق کردہ آسامیوں پر بھرتی ہوئے تھے اور بعد ازاں ان کی خدمات کو ایس این ای پوسٹوں کے خلاف ریگولرائز کیا گیا،سرکلر میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ پروفارما کے مطابق مطلوبہ معلومات اور متعلقہ دستاویزات جلد از جلد محکمہ کو ارسال کی جائیں تاکہ انہیں مزید کارروائی کے لیے مجاز اتھارٹی کے سامنے پیش کیا جا سکے، محکمہ نے اس معاملے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام ادارے مطلوبہ معلومات دو ورکنگ دنوں کے اندر اندر فراہم کرنے کے پابند ہوں گے،سرکاری حلقوں کے مطابق اس اقدام کا مقصد محکمہ صحت کے مختلف اداروں میں ایس این ای پوسٹوں پر تعینات ملازمین کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کرنا اور ان کی ملازمتوں و مالی امور کا جائزہ لینا ہے، جس کے بعد آئندہ لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔