• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسٹ کرکٹرز اور قائد اعظم ٹرافی میچز کی فیس میں اضافہ، گورننگ بورڈ کے فیصلے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے میچ فیس کے ساتھ ساتھ قائداعظم ٹرافی کے پلیئرز کیلئے میچ فیس میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ جبکہ ریزرو پلیئرز کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ویمنزون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور فنڈز مختص ، ریجنل گراؤنڈ سٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے، 12مزید گراؤنڈز کو آپریشنل کرنے اور ہیومن ریسورس کیلئے فنڈز مخصوص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ پی سی بی اعلامیہ کے مطابق چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کا 84واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں نئے مالی سال 27 -2026 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔ ساتھ ہی پی ایس ایل 12 کے بجٹ ،لیگ کو انتظامی و مالیاتی طور پر خودمختار بنانے، ڈومیسٹک کرکٹ کا بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نئے سنٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ و ادائیگی کے طریقہ کار ، نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی اور دیگر انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کیلئے 6 ارب 70 کروڑ روپے ، ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں بائیو میکینس مشین لگانے کیلئے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بی او جی کے گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ چیف فنانشل آفیسر پی سی بی جاوید مرتضی نے بریفنگ دی۔ بی او جی کے ممبران انوار غنی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، اسماعیل قریشی، سجاد کھوکھر، تنویر احمد اور عدنان ملک ، ظہیر عباس، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن میر حسن نقوی ، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور تمام ڈائریکٹرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

اسپورٹس سے مزید