کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کی ناکامیوں کاسلسلہ تھم نہ سکا۔ پاکستا ن کو چوتھی لگاتار شکست ہوئی۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو 113رنز سے شکست دے کر مسلسل چوتھی فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ اس نے ورلڈ کپ میں سب سے بڑی فتح حاصل کی ۔ منگل کی شب ہیڈنگلے لیڈز میں آسٹریلیا نےسات وکٹ پر 199 رنز بنائے۔ ایلسی پیری نے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے بولنگ میں کچھ مزاحمت دیکھنے کو ملی جہاں نشرہ سندھو، رامین شمیم اور سعدیہ اقبال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں تاہم مجموعی طور پر آسٹریلوی بیٹنگ کو روکنے میں کامیابی نہ مل سکی۔ جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 86رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اوپنر منیبہ علی کے علاوہ کوئی بھی بیٹر آسٹریلوی بولر کا سامنا نہ کر سکی۔ انہوں نے 32 اور کپتان فاطمہ ثنا نے 17 رنز بنائے ۔