کراچی (اسٹاف رپورٹر ) دکانداروں اور صنعتی اداروں کے لیے صفائی کے انتظامات اورسالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا، خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے جائیں گے،منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی کی زیر صدارت اجلاس میںفیصلہ کیا گیا کہ آئندہ تمام دکانداروں اور صنعتی اداروں کے لیے ٹریڈ لائسنس یا رجسٹریشن حاصل کرنے سے قبل سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے صفائی کے انتظامات اور ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ اس مقصد کے لیے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) کے ٹریڈ لائسنس کے نظام کو سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی موبائل ایپ سے منسلک کیا جائے گا تاکہ سرٹیفکیٹ کی آن لائن تصدیق ممکن ہو سکے،اجلاس میں واضح کیا گیا کہ اس تجویز پر اسٹیرنگ کمیٹی کی منظوری کے بعد کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔