پشاور(جنگ نیوز)فرنٹیئر فاؤنڈیشن نے ششماہی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، رواں سال کے پہلے 6ماہ کے دوران 4101بیگز عطیات خون جمع کئے گئے جبکہ 4498بیگز مریضوں کو جاری کئے گئے، چیئرمین صاحبزاہ محمد حلیم کی زیر صدارت اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخر زمان کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ تمام عطیات خون باقاعدہ سکریننگ کے بعد تھیلی سیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو جاری کئے گئے، سکریننگ کے دوران مختلف امراض کے 46کیسز سامنے آئے، 6ماہ میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے 34، ایچ آئی وی ایڈز کے 2اور ٹائیفائیڈ کے 10کیسز رپورٹ ہوئے، کالے اور پیلے یرقان کے سب سے زیادہ 12کیسز اپریل کے مہینے میں رپورٹ ہوئے، چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکریننگ کا بنیادی مقصد خون کے موروثی امراض کو صحت مند خون فراہم کرنا ہے تاکہ وہ دیگر بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں، خون عطیہ کرنے والے وہ افراد جو مختلف امراض میں مبتلا پائے گئے کو بھی باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنا علاج کرا سکیں، انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر فاؤنڈیشن پشاور، کوہاٹ اور سوات سنٹر میں زیرعلاج خون کے موروثی امراض میں مبتلا رجسٹرڈ مریض بچوں کو انتقال خون سمیت دیگر تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جن میں صرف پشاور سنٹر کے 3500سے زائد رجسٹرڈ بچے بھی شامل ہیں، ان کا کہنا تھا کہ تھیلی سیمیا کا خاتمہ اور اس حوالے آگاہی ہمارا مشن ہے، پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کو اس موروثی مرض سے پاک کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔