پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے ضلع صوابی میں جاری پیہور ہائی لیول کنال (PHLC) منصوبے کے مختلف تعمیراتی مقامات کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر منصوبے پر سست رفتار پیش رفت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو سخت ہدایات جاری کیں کہ منصوبے کو ہر صورت رواں سال اکتوبر تک مکمل کیا جائے۔دورے کے موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ صوبائی وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان، اراکین صوبائی اسمبلی عبدالکریم اور رنگیز خان، سیکرٹری محکمہ آبپاشی محمد عابد وزیر، پراجیکٹ ڈائریکٹر، متعلقہ انجینئرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے منصوبے کے مختلف حصوں، جاری تعمیراتی سرگرمیوں، نہری ڈھانچے، انجینئرنگ ورک اور دیگر اہم سائٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کی مجموعی پیش رفت، فزیکل اور فنانشل پراگریس، درپیش چیلنجز اور مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی پیش رفتسے انہیں باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر مقررہ مدت کے اندر منصوبہ مکمل کیا جائے تاکہ اس کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچ سکیں۔