پشاور (نیوز رپورٹر) خیبرپختونخوا لاء آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن نے پشاور میں عدالت کے احاطے میں ایک خاتون وکیل پر مخالف فریق جانب سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک، شرمناک اور قابل تشویش واقعہ قرار دیا ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر ارشد عالم نے کہا ہے کہ وکلا برادری، بالخصوص خواتین وکلاء، کو عدالتوں کے احاطوں میں تحفظ فراہم کرنا ریاست اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وکلاء برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ خاتون وکیل پر حملے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے، جبکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عدالتوں کے احاطوں میں سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ وکلاء، خصوصاً خواتین وکلاء، اپنے پیشہ ورانہ فرائض بلا خوف و خطر انجام دے سکیں۔