پشاور(جنگ نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں خوراکی اشیاء کی ترسیل کی مؤثر نگرانی کے لیے مختلف اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں جاری رکھیں۔ اس دوران خوراکی اشیاء لے جانے والی گاڑیوں کی تفصیلی انسپکشن کی گئی جبکہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے ذریعے دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش کے نمونوں کی موقع پر جانچ بھی کی گئی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز پشاور میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف شاہراہوں پر ناکہ بندیاں کیں جسکے دوران ایک گاڑی سے تقریباً 1200 لیٹر غیر معیاری اور جعلی مشروبات ضبط کیے گئے جبکہ 80 لیٹر غیر معیاری دودھ تلف کرکے ذمہ داران پر جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم ہری پور نے بھی انسپکشن کے دوران 300 لیٹر سے زائد ملاوٹی دودھ برآمد کرکے موقع پر تلف کیا گیا جبکہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔