کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی میں 2 طلباء تنظیموں کے مابین تصادم کے نتیجے میں 4 طلباء زخمی ہوگئے،پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے5طلباء کو حراست میں لے لیا ،تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں دو طلباء تنظیموں کے مابین تصاد م کے دوران لاٹھیوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیاجس کے نتیجے میں 4 طلباء شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا،سوشل میڈیا پر وائرل تصادم کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے جامعہ کراچی کے شعبہ سندھی میں طلباء تنظیم کے کارکنان ہاتھوں میں لاٹھیاں اور ڈنڈے لئے طلباء کو تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں جس کے باعث وہ لہو لہان ہوگئے،اس دوران جامعہ کی خواتین استائذہ تشدد کرنے سے روکنے کی کوشش کرتی ہیں تاہم وہ رکنے کی بجائے پروفیسر کے آفس میں بھی گھس کروہاں چھپے طلباء کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں ۔واقعے کی اطلاع پر وپولیس اور رینجرز نے موقع پرپہنچ کر مبینہ طورپرتشدد میں ملوث طلباء کو حراست میں لیکر تھانہ منتقل کردیا،پولیس کے مطابق تصادم اسلامی جمعیت طلباء اور سندھ شاگرد محاذ کے طلباء کے مابین ہوا تھا،دونوں طلباء تنظیموں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے،پولیس نے تشدد میں ملوث 5 طلباءکو حراست میں لیکر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے،اسلامی جمعیت طلباء نے کارکنان کو حراست میں لئے جانے کے خلاف مسکن چوک پر دھرنا دیکر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث ابوالحسن اصفہانی رود ،یونیورسٹی روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا ۔