کراچی( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے مطالبے کے لیے جمعہ 10جولائی کو ملک گیر یومِ احتجاج کے سلسلے میں کراچی میں 13مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے، نوجوان بڑی تعداد میں اپنی موٹر سائیکلوں کو کچھ دیر کے لیے ان مقامات پربند کرکے اس پرامن احتجاج کا حصہ بنیں۔ پیٹرول پر عائد بھاری پیٹرولیم لیوی برقرار رکھ کر عوام پر مسلسل بوجھ ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ کے فور منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہوگا اور جو منصوبہ 2028 میں مکمل ہونا تھا اب 2029 تک بھی مکمل نہیں ہوسکے گا یہ اہل کراچی کے ساتھ بڑا ظلم ہے۔ پریس کانفرنس میں سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، پبلک ایڈ کمیٹی کے سیکریٹری نجیب ایوبی بھی موجود تھے۔