• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع کچہری میں سخت گرمی میں گھنٹوں بجلی غائب‘سایہ ہے نہ پینے کا پانی میسر ہے

ملتان( سٹاف رپورٹر)وکلاء نے ضلع کچہری میں موجود مسائل حل کیلئے سینئر جج لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ ملتان کو درخواست دیدی ہے۔ درخواست پر 500سے زائد وکلاء نے تائیدی دستخط کئے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ضلع کچہری ملتان میں فراہمی بجلی کا نظام انتہائی ناقص اور فرسودہ ہے۔ سخت گرمی کے موسم میں روزانہ گھنٹوں بجلی غائب رہتی ہے۔ جس سے عدالت میں آنیوالے سائلین‘ بچے، بوڑھے، زیر حراست افراد اور وکلاء شدید پریشانی کا شکار رہتے ہیں اور سخت گرمی وحبس کی وجہ سے ان کی حالت ناگفتہ بہ ہوتی ہے۔ میپکو والوں نے کمال طریقہ کار نکالا ہوا ہے۔ ایک لائن میں کی ڈیوٹی کچہری میں لگائی ہوئی ہے۔ جب بھی شکایت کی جاتی ہے تو جواب ملتا ہے کہ فنی خرابی ہے درست کی جارہی ہے۔ چونکہ عدالتوں کے لیے بجلی کا متبادل انتظام بصورت جنریٹر موجود ہے۔ غالباً اسی وجہ سے ڈسٹرکٹ جج صاحب کی دلچسپی اس مسئلہ کو حل کرنے میں نہ ہے۔جناب والا عدالتوں میں اپنے مقدمات کی سماعت کے لیے آنے والے سائلین، بچوں، بوڑھوں اور خاص طور پر زیر حراست افراد کے لیے نہ کوئی سایہ اور نہ پینے کا صاف پانی میسر ہے۔ خانہ پری کے لیے چند کولر لگائے گئے ہیں جو کہ ناکافی ہیں اور اکثر اوقات بند پڑے ہوتے ہیں۔ یہ تمام نظام انصاف سائلین کے لیے بنایا گیا ہے مگر ضلع کچہری ملتان میں ان کا کوئی پرسان حال نہ ہے اسی طرح غالباً پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چند طاقتور لوگوں کی وجہ سے ضلع کچہری ملتان میں داخلہ ممنوع ہے۔ جس کی وجہ سے انتہائی ناقص، جعلی اور مضر صحت اشیاء کی فروخت ضلع کچہری ملتان میں دھڑلے سے جاری ہے اور مجبور اور بے بس سائلین یہی اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔
ملتان سے مزید