پشاور (نیوز رپورٹر) آل پاکستان جوڈیشل ایمپلائز ایسوسی ایشن کے وفد نے پشاور بار ایسوسی ایشن کے صدر قیصر زمان ایڈووکیٹ سے ملاقات کرکے عدالتی ملازمین کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے جوڈیشل الاؤنس، سروس اسٹرکچر، سروس رولز کی منظوری اور بغیر انکوائری یا قانونی جواز کے دوسرے اضلاع میں تبادلوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان مسائل کے حل کے لیے پشاور بار سے تعاون کی درخواست کی۔اس موقع پر صدر پشاور بار قیصر زمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدلیہ صرف ججز تک محدود نہیں بلکہ عدالتی ملازمین بھی نظامِ انصاف کا بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے عدالتی ملازمین کے تمام جائز اور قانونی مطالبات کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ بہتر سروس ماحول اور ملازمین کے حقوق کا تحفظ انصاف کی بروقت اور مؤثر فراہمی کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ عدالتی ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ وہ اطمینان کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔