اپشاور (جنگ نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے سابق صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور شہید کی آٹھویں برسی کے موقع پر عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے ان کی آخری آرام گاہ پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں میاں افتخار حسین نے کہا کہ ہارون بشیر بلور شہید جرات، بہادری اور عوامی خدمت کا پیکر تھے۔ انہوں نے اپنے عظیم والد بشیر احمد بلور شہید کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے امن، جمہوریت، عدم تشدد اور پختون قوم کے حقوق کی جدوجہد میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ دہشت گردی نے ان کی زندگی ضرور چھین لی، مگر ان کے نظریات، جرات، عوامی خدمت کے جذبے اور باچا خان کے فلسفۂ امن کو شکست نہیں دے سکی۔ شہید ہارون بلور کو آٹھویں برسی کے موقع پرانکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 1300 کارکنان کی قربانیاں دی ہیں۔ بلور خاندان کی قربانیاں عوامی نیشنل پارٹی کی تاریخ کا درخشاں باب ہیں۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ قومی تحریک کے شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ہم ان کے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی سیاسی، جمہوری اور پرامن جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔