• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں دو ہفتوں پر مشتمل سمر انٹرن شپ پروگرام مکمل

پشاور (خصوصی نامہ نگار)آرمی پبلک اسکول فار انٹرنیشنل اسٹڈیز، آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج فار گرلز، فیوچر ورلڈ اسکول اینڈ کالج اور فارابی ڈگری کالج کے طلبہ نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)، پشاور میں دو ہفتوں پر مشتمل سمر انٹرن شپ پروگرام مکمل کر لیا، اس پروگرام کا مقصد طلبہ کو صحت کے شعبے میں موجود تعلیمی، طبی اور تحقیقی مواقع سے روشناس کرانا اور انہیں مستقبل میں میڈیکل اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبوں میں کیریئر اختیار کرنے کی ترغیب دینا تھا۔ انٹرن شپ کے دوران طلبہ نے کے ایم یو کی مختلف جدید سہولیات، جن میں پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری، اینیمل ہاؤس، پلانٹ ریسرچ لیبارٹری اور کے ایم یو ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر شامل ہیں، کا دورہ کیا اور انہیں جدید طبی تشخیصی نظام، لیبارٹری ٹیکنالوجی اور حیاتیاتی و طبی تحقیق سے متعلق عملی آگاہی فراہم کی گئی۔ طلبہ کو ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، ڈاکٹر آف فارمیسی (فارم ڈی)، نرسنگ، ڈاکٹر آف فزیکل تھیراپی (ڈی پی ٹی) اور مختلف الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروگراموں میں داخلے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں، صحت مند طرزِ زندگی، سیلف میڈیکیشن (خود علاج) کے نقصانات اور بروقت مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی اہمیت کے حوالے سے خصوصی آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔ انٹرن شپ پروگرام کی نگرانی ایڈیشنل ڈائریکٹر اکیڈمکس ساحر عتیق، اسسٹنٹ پروفیسر، انسٹی ٹیوٹ آف بیسک میڈیکل سائنسز ڈاکٹر حفصہ محمد اور ریسرچ ایسوسی ایٹ، آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن عبدالرحمن نے کی۔ پروگرام کے دوران’’میٹ دی ایکسپرٹ‘‘ سیشن میں طلبہ کو سینئر اساتذہ اور محققین سے براہِ راست ملاقات اور تبادلۂ خیال کا موقع بھی فراہم کیا گیا جبکہ طلبہ نے اپنے تجربات اور حاصل کردہ معلومات پر مبنی پریزنٹیشن دی۔ انسٹی ٹیوٹ آف بیسک میڈیکل سائنسز کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عنایت شاہ نے طلبہ کو انٹرن شپ مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور انہیں محنت، دیانت داری، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور سائنسی تحقیق کے جذبے کے ساتھ صحت کے شعبے میں اپنا مستقبل سنوارنے کی تلقین کی۔ پروفیسر ڈاکٹر عنایت شاہ نے ڈاکٹر ذیش صفی اللہ جان، ڈاکٹر نایاب صفی اللہ جان، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ ہیماٹولوجی کے ہمراہ طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔
پشاور سے مزید