پشاور (خصوصی نامہ نگار)خیبرپختونخوا حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز سید فخرجہان کی ہدایات پر عملدرآمد کے تسلسل میں محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول نےمنشیات کی لعنت کے خلاف جاری آپریشن میں بھاری مقدار میں منشیات قبضے میں لیکر سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انوسٹیگیشن مردان سکواڈ نے خفیہ اطلاع پر مردان چارسدہ روڈ پر کامیاب کارروائی عمل میں لائی جس کے دوران گاڑی نمبری ACC-887 اسلام آباد کی تلاشی لینے پر 2 کلوگرام آئس اور 4 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ منشیات کو قبضے میں لے کر تھانہ ایکسائز مردان میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے کو منشیات سے پاک بنانے کے لئے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، منشیات کے ناسور میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔