• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہداء کے خون کا بدلہ لیں گے، یہ قوم کا مطالبہ، مجتبیٰ خامنہ ای، جارحیت جاری رہی تو معاہدے کے پابند نہیں رہیں گے، ایران

تہران /واشنگٹن (اے ایف پی /نیوز ڈیسک ) سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان اورامریکی صدر ٹرمپ کا ٹیلی فونک رابطہ ہواہے جس میں خطے کی تازہ صورتحال‘امریکا ایران مذاکرات اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیاگیاجبکہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے مسقط میں اپنے عمانی ہم منصب سے ملاقات کی ہے‘اس موقع پر عمان نے آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کو دو الگ الگ کنٹرول شدہ راستوں کے ذریعے چلانے کی تجویز پیش کر دی‘سپریم لیڈرمجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے والد آیت اللہ علی خامنہ ای اوردیگرشہداء کے قتل کا انتقام لینے کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بدلہ لینا قوم کا مطالبہ ہے اور اسے ضرور پورا کیا جانا چاہیے‘ہٹ لسٹ تیار کرلی ہے‘ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واشنگٹن پر مفاہمتی یاد داشت کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ایم اویو کے تحت اب بھی اپنے وعدوں پر قائم ہے‘امریکا بھی عہد کی پاسداری کرے‘اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے متنبہ کیاہے کہ اگر واشنگٹن کی جارحیت جاری رہی توتہران معاہدے کا مزید پابند نہیں رہے گا۔ فارس نیوز ایجنسی نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ جب تک امریکا اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹتا کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے‘ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیاہے کہ تہران نے امریکا سے مذاکرات کی کوئی درخواست نہیں کی ‘مسلح افواج ہائی الرٹ ہیں اور دشمن کی نقل و حرکت پر کڑی نگاہ رکھی ہوئی ہے ‘ دوسری طرف صدرٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی تو امریکا ایران کو تباہ و برباد کر دے گا‘ ایک ہزار میزائل مکمل تیار ہیں اورتہران کی جانب نشانہ باندھے ہوئے ہیں‘امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن نے تہران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوامی سطح پر یہ اعلان کرے کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملے بند کر دیے جائیں گےاورآبی گزرگاہ کے تمام راستے بغیر کسی ٹول ٹیکس کے کھلے رہیں گے ۔ مشہدمیں نیم فوجی دستے بسیج کے دو اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔ایرانی وزیردفاع نے دعویٰ کیاہے کہ تہران نے جنگ کے دوران ڈرون کی پیداوار میں تین گنا اضافہ کیاہے ‘عمان کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق مسقط اور تہران نے ہرمز میں جہاز رانی سے متعلق معاہدے تک پہنچنے کے لیے تکنیکی اور سیاسی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔نیوزآؤٹ لیٹ مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ عراق اور شام کے ساتھ مل کر ایک ایسے منصوبے پر کام کر رہا ہے جس کے تحت عراق کے شمالی شہر کرکوک سے شام کے بحیرہ روم کے ساحل پر واقع شہر بانیاس تک جانے والی ایک پرانی پائپ لائن کو دوبارہ فعال کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے ذریعے عراق آبنائے ہرمز کا استعمال کیے بغیر تیل برآمد کر سکے گا۔لندن سے شائع ہونے والے اس نیوز آؤٹ لیٹ نے عراقی اور دیگر علاقائی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس 800کلومیٹرطویل پائپ لائن کی بحالی کا معاہدہ ،جو دہائیوںسے بند ہے اور شدید خراب حالت میں ہےاگلے ہفتے وائٹ ہاؤس میں عراقی وزیر اعظم علی الزیدی اور ٹرمپ کے درمیان ملاقات کے دوران متوقع طور پر سامنے لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم لیڈرآیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نےہفتہ کو سوشل میڈیاپر اپنے تحریری پیغام مین کہاہے کہ ان کے والد اور پیش رو علی خامنہ کی موت کا بدلہ لینا قوم کا مطالبہ ہے اور اسے ضرور پورا کیا جانا چاہیے۔مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ہم شہید رہنما اور ان دو جنگوں کے تمام شہدا کے خون کا بدلہ مجرم اور رسوا قاتلوں سے لینے کا عہد کرتے ہیں۔ اپنے والد کی آخری رسومات کے بعد جاری پیغام میں انہوں نے لکھاکہ اس معاملے کا انحصار نہ تو میری ذاتی موجودگی پر ہے اور نہ ہی دیگر حکام پر‘ ہم موجود ہوں یا نہ ہوں یہ ہو کر رہے گا۔

اہم خبریں سے مزید